ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نریندرمودی کا راہل پر طنز:ناریل میں جوس نہیں، پانی ہوتا ہے، یہ بات بچہ بھی جانتا ہے 

نریندرمودی کا راہل پر طنز:ناریل میں جوس نہیں، پانی ہوتا ہے، یہ بات بچہ بھی جانتا ہے 

Thu, 02 Mar 2017 11:11:12    S.O. News Service

مہاراج گنج ، یکم مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) یوپی میں آخری دو مرحلوں کی پولنگ کے لیے وزیر اعظم مودی کی انتخابی مہم جاری ہے۔مہاراج گنج میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جنہوں نے یوپی کو لوٹا ہے لوگ چن چن کر انہیں صاف کرنے میں لگے ہیں، یوپی کی عوام 15سالوں کا غصہ نکال رہی ہے، میں ملک بھر میں صفائی مہم چلا رہا ہوں، لیکن یوپی کی عوام نے سیاست کی گندگی کو صاف کر دیا ہے، قوس قزح کے سات رنگوں کی طرح یوپی انتخابات کے 7مراحل ہیں، اب چھٹے اور ساتویں مرحلے میں عوام کو بی جے پی کو بونس دینا ہے۔راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ کانگریس میں ایک لیڈر ہے ، جو بڑے کمال کا ہے ، انہوں نے منی پور میں کسانوں کے لیے ایک بڑا اعلان کیا کہ وہ ناریل کا جوس نکالیں گے اور اسے انگلینڈ میں فروخت کریں گے، غریب سے غریب بچے کو بھی معلوم ہوتا ہے کہ انار اور سنترے کا جوس ہوتا ہے، لیکن ناریل کا پانی ہوتا ہے۔مودی نے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ ناریل سے جوس نکالیں گے ، اب کانگریس کے پاس ایسے ہونہار لوگ ہیں جو یوپی میں کہتے ہیں کہ آلو کی فیکٹری لگائیں گے،ناریل کا جوس فروخت کریں گے ، ان سے آپ کو کون بچائے گا بتائیے؟وزیر اعظم نے کہا کہ یہ الیکشن اقربا پروری سے نجات دلانے اور سب کو یکساں مواقع ملے ، اس کے لیے ہے، یہ ا لیکشن امتیازی سلوک کے خطوط کو مٹانے والا الیکشن ہے۔مودی نے وزیر اعلی اکھلیش یادو پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ یوپی کے وزیر اعلی 6 مہینے سے بول رہے ہیں کہ کام بول رہا ہے، آپ بتائیں کہ کام بول رہا ہے یا کارنامے بول رہے ہیں، یوپی حکومت کی ویب سائٹ کہتی ہے کہ کارنامہ بولتا ہے، یوپی کی سرکاری ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ اتر پردیش میں زندگی بہت چھوٹی ہوتی ہے اور کب مر جائے کوئی بھروسہ نہیں ہے، یہ میں نہیں کہہ رہا ہوں ، نہ یمراج کا کوئی خط آیا ہے، یہ خود یوپی حکومت کی ویب سائٹ کہتی ہے، یوپی کی حالت افریقہ میں سہارا کے ریگستان جیسی ہے، اب میری تقریر مکمل ہوتے ہی افسروں پر گاج گرے گی۔


Share: